نواز شریف کے حکم پر 25 سال بعد بسنت بحال ہوئی: مریم اورنگزیب

لاہور:(دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کے حکم پر 25 سال بعد بسنت بحال ہوئی۔

صوبائی دارالحکومت میں مریم اورنگزیب نے بسنت فیسٹیول کے حوالے سے موچی گیٹ کا دورہ کیا، دکانداروں اور پتنگوں کی خریداری کے لیے آنے والے شائقین سے گفتگو بھی کی، اُنہوں نے ڈھول کی پرفارمنس کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

اِس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے روایتی کھیلوں اور تہواروں کو بحال کردیا اور 25 سال بعد بسنت بحال کی ہے، میلہ چراغاں اور ہارس اینڈ کیٹل شو کو بھی بحال کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بسنت کی بحالی پر میاں نواز شریف بہت خوش ہیں یہ اُن کا حکم تھا کہ عوام کی تفریح کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے ،بسنت صرف لاہور میں ہی نہیں گوجرانوالہ، فیصل اباد اور دیگر شہروں میں بھی ہوگی۔

 مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور میں پتنگوں کی فروخت میں طلب اور رسد کے اصول کے تحت مہنگائی دیکھنے میں نظر آئی ہے، میں نے دکانداروں سے پتنگوں کی سستے داموں فراہمی کا کہا ہے، ڈی سی اور کمشنر سے بھی کہا ہے کہ عوام کو سستے پتنگ فراہم کیے جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے بسنت کو محفوظ طریقے سے منائیں،شہری پتنگ بازی کے تینوں دن موٹر سائیکل پر حفاظتی راڈ لگائے بغیر نہ نکلیں، اپنے خاندان کو محفوظ بنائیں، لاہور میں پانچ سو پیکٹس لگائی جائیں گی، قانون کی خلاف ورزی پر ایکشن لیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 6، 7اور 8 فروری کو بسنت منائی جائے گی، بسنت کے دنوں میں بھی موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈ لگائے جائیں گے،پتنگ بازی کے تینوں دن ٹرانسپورٹ مفت دستیاب ہو گی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ الیکٹرو بس، میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین اور آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے رکشے شہریوں کے لیے مفت دستیاب ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں