سانحہ گل پلازہ: جوڈیشل کمیشن کا اجلاس، جاں بحق افراد کے لواحقین کے بیان ریکارڈ
کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ گل پلازہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین نے بیانات ریکارڈ کروا دیئے۔
جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن کا ڈی سی جنوبی کے دفتر میں اجلاس ہوا، سانحہ میں جاں بحق 33 افراد کے لواحقین نے کمیشن کے روبرو بیانات قلمبند کروائے۔
جسٹس آغا فیصل نے لواحقین سے گفتگو میں کہا شہادتوں کا ہمیں بے حد افسوس ہے اور ٹریبونل کا مقصد مستقبل میں ایسے واقعات اور جانی نقصانات کی روک تھام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مالی نقصان کی تلافی ہوسکتی ہے مگر انسانی جان کا نعم البدل نہیں، انہوں نے کہا کہ تمام حقائق تک پہنچنے کے لئے عوام، حکومت اور ریسکیو اداروں سمیت ہر متعلقہ فریق سے معلومات حاصل کی جائیں گی۔
لواحقین نے ریسکیو آپریشن اور سرکاری اداروں کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، لواحقین نے پانی کی قلت، فائر بریگیڈ کی محدود استعداد، راستوں میں رکاوٹوں اور کھڑکیوں کے بند ہونے جیسے عوامل کو جانی نقصان کی بڑی وجوہات قرار دیا۔
لواحقین نے ضلعی انتظامیہ کے رویے کی بھی شکایت کی اور ون ونڈو سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، لواحقین نے مؤقف اختیار کیا کہ عمارت میں ہنگامی اعلان کا نظام ہونے کے باوجود بروقت اعلانات نہیں کئے گئے، اگر ابتدائی تیس منٹ میں مؤثر اقدامات کئے جاتے تو زیادہ لوگوں کو محفوظ نکالا جاسکتا تھا۔