کراچی: سولجر بازار عمارت گرنے کا مقدمہ درج، پلاٹ مالک گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سولجر بازار رانا لیاقت کالونی میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے رہائشی عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ سولجر بازار میں سرکاری مدعیت میں سب انسپکٹر خالد محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا، واقعے کے بعد 40 گز کے پلاٹ پر گراؤنڈ پلس تھری عمارت قائم کرنے والے پلاٹ کے مالک ارشاد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پوری عمارت میں ٹی آر گارڈر استعمال کیا گیا تھا، پہلی منزل پر رہائشی زیب النساء نے سحری کے وقت چولہا جلایا جبکہ ناقص گیس لائن سے لیکج کے باعث کمرے میں گیس بھری ہوئی تھی، ماچس جلانے پر آگ بھڑکی اور دھماکا ہوگیا جس سے تین منزلہ عمارت کے کمرے زمین بوس ہو گئے۔
حادثے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے۔
مقدمے کے مطابق ملزم ارشاد نے 2007-08 میں ٹائل اور ٹی آر گارڈر کے ذریعے غیر قانونی طور پر تین منزلہ عمارت تعمیر کی تھی اور عمارت میں گیس کنکشن بھی ناقص مٹیریل سے لگائے گئے تھے، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔