کوہاٹ: لیڈی ڈاکٹر کے قتل کیخلاف آج چوتھے روز بھی ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری
پشاور: (دنیا نیوز) کوہاٹ میں قتل ہونے والی لیڈی ڈاکٹر مہوش کے قتل کیخلاف آج چوتھے روز بھی ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے، احتجاج میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس نرسز اور میڈیکل کالج کے طلبہ بھی شریک ہیں۔
حکام کے مطابق احتجاج کے باعث ایمرجنسی کے علاوہ تمام سروسز بند ہیں، جنوبی اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں اور مردان میں ڈاکٹرز نے اوپی ڈی سروسز سے بائیکاٹ کا اعلان کردیا، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، لکی مروت، ہنگو، اور مردان میں بھی ڈاکٹرز ہسپتالوں میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر اسفند یار کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے علاوہ تمام سروسز سے بائیکاٹ جاری رہے گا، ڈاکٹروں سمیت طبی عملہ عدم تحفظ کا شکار ہے تاہم ہسپتالوں میں سکیورٹی ایکٹ کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، بات اب سکیورٹی سے بڑھ کر جان کے تحفظ تک پہنچ گئی ہے، صوبائی حکومت ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے ناکام ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر مہوش کو 3 روز قبل ہسپتال سے گھر جاتے ہوئے قتل کیا گیا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لیڈی ڈاکٹر کو 8 گولیاں لگیں تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے شواہد اکٹھے کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں ملزمان کی شناخت بھی کر لی گئی تاہم ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔