رواں مالی سال نان بینکنگ فنانشل کمپنیز کی پہلی ششماہی رپورٹ جاری

کراچی: (دنیا نیوز) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے رواں مالی سال نان بینکنگ فنانشل کمپنیز (این بی ایف سی) کی پہلی ششماہی رپورٹ جاری کر دی۔

اعداد و شمار کے مطابق نان بینک مالیاتی شعبے کے اثاثے بڑھ کر 6.84 کھرب روپے ہوگئے، چھ ماہ میں نان بینک سیکٹر کے اثاثوں میں 21 فیصد اضافہ ہوا، جون 25ء کے 5.63 کھرب روپے سے بڑھ کر دسمبر 25ء میں 6.84 کھرب روپے ہوگئے ہیں۔

کمیشن رپورٹ کے مطابق میوچل فنڈز کے اثاثے 4.5 کھرب روپے رہے، میوچل فنڈز کی تعداد 369 سے بڑھ کر 409 ہوگئی، میوچل فنڈ سرمایہ کار اکاؤنٹس 8 لاکھ 45 ہزار تک پہنچ گئے، جون 2025 کے بعد نئے میوچل فنڈ اکاؤنٹس میں 8 فیصد اضافہ ہوا، منی مارکیٹ فنڈز میں 44 فیصد، انکم فنڈز میں 23 فیصد سرمایہ کاری رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایکویٹی فنڈز میں سرمایہ کاری کا حصہ 14 فیصد رہا، رضاکارانہ پنشن سکیم کے شرکاء ایک لاکھ 43 ہزار سے تجاوز کر گئے، پنشن سکیم اکاؤنٹس میں چھ ماہ میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔

کمیشن رپورٹ کے مطابق قرض فراہم کرنے والے این بی ایف سی کے اثاثے 824 ارب روپے تک پہنچ گئے، لینڈنگ سیکٹر کے اثاثوں میں 65 فیصد نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ شریعہ کمپلائنٹ اثاثے 2.47 کھرب روپے رہے، مجموعی اضافہ 36 فیصد رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں