یو اے ای حکام کا آج اور کل سٹاک مارکیٹس بند رکھنے کا حکم

ابوظہبی: (دنیا نیوز) یو اے ای حکام نے آج اور کل سٹاک مارکیٹس بند رکھنے کا حکم دے دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ہنگامی فیصلہ کیا گیا، ابوظہبی سکیورٹیز ایکسچینج اور دبئی فنانشل مارکیٹ دو دن بند رہیں گی، کیپیٹل مارکیٹس اتھارٹی نے حالات پر مسلسل نظر رکھنے کا اعلان کر دیا، امارات کی مارکیٹس میں اربوں ڈالر کے اثاثے عارضی طور پر معطل ہوگئے۔

خبر ایجنسی نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کے بینچ مارک انڈیکس میں 4 فیصد سے زائد کمی ہوئی، عمان کے انڈیکس میں 3 فیصد جبکہ مصر میں 5.44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، کویت نے بھی سٹاک ٹریڈنگ مکمل طور پر معطل کر دی ہے۔

خبر ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ خطے میں معاشی دباؤ اور سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز نے اعلان کیا تھا کہ علاقائی کشیدگی اور ایرانی میزائل حملوں کے تناظر میں متعدد پروازوں کی معطلی کو توسیع دیدی گئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ فضائی حدود کی صورتحال اور مسافروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، متاثرہ روٹس میں خطے کے حساس مقامات کے لیے آنے جانے والی پروازیں شامل ہیں۔

ایئرلائنز نے مسافروں کو ری بکنگ اور ری فنڈ کی سہولت فراہم کرنے کی تصدیق کی تھی، مسافروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز کی موجودہ صورتحال ضرور چیک کریں اور متعلقہ ایئرلائن کی سرکاری ویب سائٹ یا کسٹمر سروس سے رابطہ کریں۔

حکام کا کہنا تھا کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، مرحلہ وار آپریشن بحال کیا جائے گا۔

دوسری جانب کاروباری مسافروں، سیاحوں اور ٹرانزٹ مسافروں پر اس فیصلے کا فوری اثر پڑا ہے، ٹریول ایجنٹس اور کارپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنے شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑ گئی تھی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ فضائی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایسے اقدامات عارضی نوعیت کے ہوتے ہیں، تاہم مسافروں کو متبادل منصوبہ بندی رکھنی چاہئے۔

علاوہ ازیں متعلقہ اداروں نے واضح کیا تھا کہ فضائی آپریشن کی بحالی کا انحصار سکیورٹی صورتحال پر ہوگا، آئندہ چند گھنٹوں میں مزید اپ ڈیٹس متوقع ہیں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں