عید الفطر سے قبل ملک میں فائیو جی سروس کا آغاز، لائسنس اجرا کی تیاری مکمل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید الفطر سے قبل ملک میں فائیو جی سروس کا آغاز، پی ٹی اے نے فائیو جی لائسنسوں کے اجرا کی تیاری مکمل کرلی۔
فائیوجی سپیکٹرم حاصل کرنے والی کمپنیوں کو کل لائسنس جاری کئے جائیں گے، ٹیلی کام کمپنیوں کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب میں لائسنس جاری کئے جائیں گے۔
فائیو جی سپیکٹرم حاصل کرنے والی کمپنیوں کی قیادت کو تقریب میں شرکت کے دعوت نامے موصول ہو گئے، وزیراعظم شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
وفاقی وزیرآئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین پی ٹی اے اور متعلقہ حکام تقریب میں شریک ہوں گے، وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور دیگر کابینہ ارکان کی بھی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔
لائسنس کے حصول کے لئے کمپنیوں نے 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروا دی ہے، ٹیلی کام کمپنیوں نے پہلے ہی فائیو جی سروس شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
لائسنس جاری ہونے کے فوری بعد کمپنیاں اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں فائیو جی سروس لانچ کر دیں گی۔