اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات، باہمی اُمور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے اہم نکات:دونوں فریقین نے خطے کی مجموعی صورتحال، بدلتی ہوئی علاقائی پیش رفت اور وسیع تر عالمی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا اور چین کے ساتھ تعاون پر مبنی سدا بہار تزویراتی شراکت داری کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے قیام کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے کہ ملاقات میں سیکورٹی، اقتصادی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
دورانِ گفتگو دونوں طرف سے مستقبل میں قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط سٹریٹجک شراکت داری کے تناظر میں ہوئی، جہاں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی استحکام پر توجہ مرکوز رہی۔