پنجاب بھر میں میٹرک امتحانات کا آغاز، 27 لاکھ سے زائد طلبہ شریک
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں 27 لاکھ 96 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے لیے صوبے بھر میں 4 ہزار 92 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 247 سینٹرز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
امتحانی عمل کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لیے 383 مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ سکیورٹی اور نگرانی کے لیے 45 ہزار 844 نگران عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
لاہور شہر
لاہور شہر میں امتحانات کے پہلے روز عربی، جغرافیہ اور تاریخِ پاکستان کے پرچے لیے جا رہے ہیں، امتحانات کے انعقاد کے لیے شہر بھر میں 880 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ امیدواروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے 26 مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ تمام امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ امیدواروں کو بھی مکمل شناخت کے بعد ہی سنٹر میں داخل ہونے دیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق میٹرک کا آخری پرچہ 16 اپریل کو پنجابی اور تاریخِ اسلام کا لیا جائے گا، جبکہ نہم جماعت کے امتحانات 17 اپریل سے شروع ہوں گے۔
فیصل آباد
فیصل آباد میں بھی میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 94 ہزار 854 طلباء و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔
امتحانات کے انعقاد کے لیے ڈویژن بھر میں 547 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں امیدوار اپنے اپنے پرچوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
گوجرانوالہ
گوجرانوالہ میں بھی میٹرک کے سالانہ امتحانات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں 2 لاکھ 44 ہزار 717 طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
پہلے روز عربی، فزیالوجی، تاریخِ اسلام اور تاریخِ پاکستان کے پرچے لیے جا رہے ہیں، جبکہ طلبہ کی بڑی تعداد امتحانی مراکز میں شریک ہے۔
حکام کے مطابق امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، اس حوالے سے نقل کی روک تھام اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔