محسن نقوی کی چینی سفارتخانے آمد، سکیورٹی تعاون کے تحفظ پر اہم فیصلے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں قائم چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، سکیورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرام اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سکیورٹی مسائل کے حل کے لیے ایک بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ممکنہ نئے سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے، جو اسلام آباد میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس یونٹ کے اہلکاروں کو ٹریننگ کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی تاکہ باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جا سکے۔