پی آئی اے کی حج آپریشن کیلئے تیاریاں مکمل، 60 ہزار سے زائد عازمین کو حجازِ مقدس پہنچائے گی

کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے نے قبل از حج آپریشن تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 18 اپریل سے شروع ہوگا جو21مئی تک جاری رہے گا، پی آئی اے پہلے مرحلے میں مدینہ اور جدہ کیلئے پروازیں آپریٹ کرے گا جبکہ پی آئی اے مجموعی طورپر 60 ہزار سے زائد عازمین حج کو202 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سے اس سال 49 ہزار سرکاری حج سکیم اور 11 ہزار پرائیوٹ حج سکیم کے ذریعے سفر کریں گے، پی آئی اے اسلام آباد، کراچی، لاہور، سیالکوٹ کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے براہ راست پروازیں آپریٹ کرے گا جبکہ پی آئی اے 30مئی سے بعد از حج آپریشن شروع ہوگا جو 30جون تک جاری رہے گا۔

پی آئی اے حج آپریشن میں بوئینگ 777 اور ائیر بس 320 طیارے آپریٹ کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں