بھارتی پنجاب کے شہر چنڈی گڑھ میں دھماکے کی اطلاع
چندی گڑھ: (دنیا نیوز) بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے شہر چنڈی گڑھ میں دھماکے کی اطلاع ہے، پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چندی گڑھ میں واقع بی جے پی کے پنجاب یونٹ کے دفتر کے باہر بدھ کے روز دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
واقعہ شام 5 بجے کے بعد سیکٹر 37 میں پیش آیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے سے کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اسباب جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
سابق پنجاب بی جے پی صدر اشونی شرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تصاویر بھی شیئر کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بی جے پی آفس سیکٹر 37 چندی گڑھ کے باہر ممکنہ دھماکہ ہوا ہے، پولیس واقعے کی وجوہات جاننے میں مصروف ہے، واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے جبکہ سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔