امریکا ایران جنگ بندی پاکستانی سفارتی کامیابی، بھارت کی سٹریٹجک ناکامی ہے: ششی تھرور

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف سیاستدان اور سابق سفارتکار ششی تھرور نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔

بھارتی سیاستدان و مصنف ششی تھرور نے انڈیا ٹو ڈے کو انٹرویو میں کہا کہ عالمی سطح پر بدلتی صورتحال میں پاکستان ایک مؤثر کردار ادا کر رہا ہے جبکہ بھارت سفارتی میدان میں پیچھے رہتا دکھائی دے رہا ہے۔

ششی تھرور نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان میں پاکستان کو ایران جنگ کے خاتمے میں کردار دینے کا ذکر حیران کن ہے اور یہ بھارت کے لیے ایک سٹریٹجک ناکامی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، پاکستان خود کو عالمی سطح پر ایک استحکام فراہم کرنے والے ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے جبکہ بھارت اپنی سفارتی حیثیت کھو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت سنجیدہ عالمی معاملات کے بجائے غیر اہم موضوعات پر توجہ دی جا رہی ہے، جو کہ ایک تشویشناک رجحان ہے، بدلتی عالمی صورتحال میں خاموش رہنا دانشمندی نہیں بلکہ اندھی وفاداری کے مترادف ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت اپنی خارجہ پالیسی پر سنجیدگی سے نظرثانی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور اگر بھارت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو اسے سفارتی سطح پر مزید نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ ششی تھرور بھارت کے سینئر سیاستدان، سابق وزیر خارجہ اور معروف مصنف ہیں، وہ اقوام متحدہ میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے کے بعد بھارتی سیاست میں آئے اور انڈین نیشنل کانگریس کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے، وہ وزیر خارجہ امور بھی رہ چکے ہیں اور عالمی سیاست، تاریخ اور خارجہ پالیسی پر اپنی گہری رائے کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں