وزیراعظم سے چینی کمپنی کے وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر زور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایک چینی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، پاکستان ایک پائیدار، شفاف اور سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ آسانی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچرز) دونوں ممالک کی معیشت کیلئے نہایت اہم ہیں، کیونکہ ان سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، ٹیکنالوجی کا تبادلہ ہوتا ہے اور برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی برآمدات پر خاص توجہ دے رہی ہے اور سال 2024-2025 میں اس کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالرز رہا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔