جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹروبس سروس محدود

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں غیرملکی وفود کی آمد کے باعث وفاقی دارالحکومت میں آج اور کل چھٹی ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات سے قبل جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹروبس سروس محدود کر دی گئی۔

میٹرو حکام کا کہنا ہے کہ میٹروبس سروس صدر سٹیشن تا پمز تک فعال کی گئی، پمز سٹیشن تا پاک سیکرٹریٹ تک میٹروبس سروس بند کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر میٹرو بس سروس محدود کی گئی ہے۔

دوسری اسلام آباد میں غیرملکی وفود کی آمد کے باعث خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا، ٹریفک پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والے ٹیکسلا موٹروے، چکری چک بیلی روڈ، روات استعمال کریں جبکہ لاہور سے پشاور جانے والے روات، چک بیلی روڈ اور ٹیکسلا موٹروے استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس نے مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والوں کو نائنتھ ایونیو اور راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کو مری روڈ کے ذریعے نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی جبکہ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک ایکسپریس وے دونوں اطراف سے بند رہے گی۔

علاوہ ازیں آج اور کل اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں