پاکستان ویمنز کرکٹرز کا سکلز اینڈ فٹنس کیمپ لاہور میں اختتام پزیر

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ویمنز کرکٹرز کے لیے سکلز اینڈ فٹنس کیمپ لاہور میں اختتام پزیر ہو گیا۔

مینٹور ویمن کرکٹ ٹیم وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ کیمپ کا مقصد یہ تھا کہ جو کھلاڑیوں میں کمی رہ گئی ہے ان کو دور کیا جائے، ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز میں سامنے آنے والی کمی کو یہاں دور کرنے کی کوشش کی جبکہ فٹنس اور بولنگ میں کچھ ایشوز تھے جن پر کام کیا جس پرکھلاڑیوں کا رسپانس اچھا رہا۔

وہاب ریاض کامزید کہا تھا کہ پاکستان ویمن ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، کھلاڑیوں کو ایک ہی پیغام دیا ہے کہ کارکردگی میں تسلسل کو آگے بڑھانا ہے جبکہ ہم اٹیکنگ اور نڈر کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اس کے لیے ہمیں رنز کرنا پڑیں گے۔

سعدیہ اقبال کا کہنا تھا کہ ہم سیریز جیتنا چاہتے ہیں اور اچھے مارجن سے جیتنا چاہتے ہیں، سیناریو میچز کا فائدہ ہوا ہے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو اکٹھے کھیلنے کا موقع ملا، ہم جتنے زیادہ میچز کھیلیں گے ہمیں اتنا اس کا فائدہ ہے سٹیمنا بڑھے گا، یہ کیمپ ہمیں ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے بہت مدد دے گا آنے والی سیریز کی بھی تیاری ہے۔

اس موقع پر ایمان فاطمہ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل لگائے جانے والے کیمپ کا فائدہ ہو گا،وہاب ریاض اور عمران فرحت نے بہت کچھ سکھایا ہے سکلز اور فٹنس پر کام ہوا ہے فیلڈنگ کو بہتر بنایا ہے جبکہ فٹنس پر بہت فوکس رہا کیونکہ اس کو بہتر بنانا تھا اور اب کھلاڑیوں نے فٹنس کو بہتر بھی کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں