قرضے حکمران لیں اور واپس عوام کریں یہ ظلم ہے: حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قرضے حکمران لیں اور واپس عوام کریں یہ ظلم ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پوری دنیا میں یونیورسٹی روڈ مذاق بن گئی ہے، یہ لوگ کراچی میں کوئی پروجیکٹ مکمل نہیں کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ملک کے بزرگوں کی بھی ٹیم ہے، ملک کے بزرگوں سے گزارش ہے وہ ان کے پیچھے نہ آئیں۔

حافظ نعیم نے کہا ہے کہ میئر "کراچی کو حق دو" کراچی سے تکلیف ہوتی ہے لیکن جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی پر کام کر رہی ہے اور مئیر کراچی کے خلاف عدم اعتماد لائے گی، جماعت اسلامی 25 اپریل سے ملک بھر میں ممبر سازی مہم شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک موجودہ نظام قائم رہے گا ملک ٹھیک نہیں ہوگا، قرضے حکمران لیں اور واپس عوام کریں یہ ظلم ہے، پٹرول میں لیویز پر عدالت کو نوٹس لینا چاہیے، جماعت اسلامی پٹرولیم لیویز کے خلاف عدالت جائے گی۔

 

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے کیے ہوئے ہیں، جو بجلی پیدا نہیں ہوتی اس کے پیسے عوام بھر رہے ہیں، یہ لوگ جب وزیر و مشیر بنتے ہیں تو ملک کے لیے نہیں بلکہ اپنے لیے معاہدے کر رہے ہیں، دنیا بھر میں ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا لیکن حکمرانوں نے ایسے معاہدے کیے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کروڑوں بچے سکول سے باہر ہیں، 15 ارب روپے کا جہاز والی وزیر اعلیٰ سکولوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہیں، 100 ملین ڈالر بھی ملک کے پاس آجائیں اشرافیہ کھا جائے گی۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر حافظ نعیم نے کہا کہ ایران و امریکا کے درمیان مذاکرات کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں لیکن امریکا کا رویہ درست نہیں ہے، اسرائیل اور امریکا نے سید علی خامنہ ای اور سکول کو نشانہ بنایا، جنگ بندی کے باوجود اسرائیل غزہ میں مظلوم عوام کو نشانہ بنا رہا ہے، جنگ بندی کے دوران لبنان پر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے مذاکرات کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ کچھ کر نہیں سکتے بلکہ امریکا کی ساخت کو نقصان پہنچا ہے، امریکا اگر مذاکرات کر رہا ہے تو وہ اس کی مجبوری ہے کیونکہ پورا یورپ اس کے خلاف ہوگیا ہے، خلیج میں اربوں روپے خرچ کرکے اڈے بنائے گئے جو اس نے دیکھ لیا کہ وہ بے کار ہوگئے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ امریکا نے اس سے پہلے بھی مذاکرات کے نام پر دھوکا کیا، ایران کی لیڈر شپ کو مبارک باد دیتے ہیں، انہوں نے بہادری سے مقابلہ کیا، امریکا انسانیت دوستی میں مذاکرات نہیں کر رہا بلکہ امریکا نے اپنے نقصان کی وجہ سے مذاکرات کا راستہ اپنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور ایران ہی ہیں جنہوں نے امریکا کی طاقت کو کم کیا ہے، امریکا پوری دنیا میں تنہائی کا شکار ہے، ایران آبنائے ہرمز پر امریکی گھیراؤ تک مذاکرات نہیں کرے گا، ایران کو ہم سپورٹ کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہے، پاکستان اور سعودیہ عرب کے دفاعی معاہدے میں ترکیہ اور ایران کو بھی شامل کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں