خیرپور: مبینہ پولیس کارروائی میں بچی سمیت تین افراد جاں بحق
خیرپور: (دنیا نیوز) خیرپور میں مبینہ پولیس کارروائی میں آٹھ سال کی بچی سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شاہ لطیف تھانے کے علاقے لونگ فقیر کے قریب گاؤں سعید لاکھو میں کارروائی کے دوران صدرالدین اور ضامن دھاریجو موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ زخمی ہونے والی 8 سالہ بچی علیشہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی ہے۔
واقعے کیخلاف ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے لاشیں پرانی قومی شاہراہ پر ایس ایس پی آفس خیرپور کے سامنے رکھ کر دھرنا دے دیا۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ پولیس نے رات کے وقت گھروں پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں اور مطالبہ کیا کہ ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب خیرپور پولیس کے ترجمان نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی سکھر پولیس نے کی اور مقامی پولیس کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں صورتحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔