ایل او سی پر دو دہشتگرد ہلاک کرنے کا بھارتی جھوٹ بے نقاب
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل او سی (لائن آف کنٹرول) پر دو دہشتگرد ہلاک کرنے کا بھارتی جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔
23 اپریل 2025 کو ایل او سی کے علاقے سرجیور میں دو مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا بھارتی دعویٰ جھوٹ نکلا، اس حوالے سے سرجیور کے مقامی رہائشیوں نے سچ سے پردہ اٹھا دیا۔
سرجیور کے رہائشیوں نے کہا کہ ہم صدیوں سے یہاں کے رہائشی ہیں اور مال مویشی چرانا ہمارا پیشہ ہے، اگر مال مویشی گم ہو جائے تو ہم اسے ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔
رہائشیوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ ملک فاروق اور محمد دین جن کی عمریں 50 سے 60 سال کے درمیان تھیں، ایل او سی کے قریب مال مویشی ڈھونڈنے گئے، دونوں بزرگوں کو بھارتی فوج نے شہید کر دیا۔
سرجیور کے رہائشیوں نے کہا کہ نہتے افراد کو شہید کرنا بھارتی فوج کا وطیرہ اور ظلم ہے، دونوں بزرگوں کو دہشتگرد کہہ کر شہید کرنا سراسر ناانصافی ہے۔