شعبہِ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے: مریم اورنگزیب

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اینٹی فوڈ انویسٹمنٹ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے شعبہ زراعت اولین ترجیح ہے اور اسے جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، اسی لیے پنجاب میں اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھائی گئی ہے، کسانوں کو جدید زرعی آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پوٹھوہار ریجن میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر جاری ہے، جس سے آبپاشی کے مسائل میں کمی آئے گی اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایگری ڈرگ فوڈ اتھارٹی قائم کی ہے، جس کا مقصد زرعی شعبے میں معیار اور بہتری کو یقینی بنانا ہے۔

تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت زراعت میں ویلیو ایڈیشن، سٹوریج اور برآمدات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جبکہ تمام شعبوں میں آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو پالیسی کا مرکزی حصہ بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے تعاون سے اکنامک ٹرانسفارمیشن کے اہداف حاصل کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ کسانوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں