سلامتی کونسل سندھ طاس معاہدہ عالمی ذمہ داری کے تحت مکمل بحال کرائے: پاکستان
نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نےاقوام متحدہ میں بھارت کے خلاف خط جمع کرا دیا جس میں سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے خط میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بھارت کی کارروائی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، سلامتی کونسل سے مداخلت کی اپیل کی جاتی ہے کہ بھارت سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق عملدرآمد کروایا جائے۔
عاصم افتخار کا کہناتھا کہ خط نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ کی جانب سے جمع کرایا گیا جس میں معاہدے کی مکمل بحالی کا مطالبہ کیا گیا، مراسلہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے حوالے کیا گیا۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے مفاد میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا مہم کو بے بنیاد قرار دیا اور صدر جنرل اسمبلی کی اس بے بنیاد مہم کی طرف توجہ دلائی۔
عاصم افتخار نے مزید نشاندہی کی کہ جموں و کشمیر کا تنازع، جو طویل عرصے سے کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے، جنوبی ایشیا میں مسلسل عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اس کے حل کے بغیر ممکن نہیں، جو متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔