ایس سی او اجلاس میں علاقائی سلامتی اور عالمی سرگرمیوں پر مشاورت، پاکستان کی فعال شرکت
ماسکو: (شاہد گھمن) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی سرگرمیوں سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس روسی وزارت خارجہ میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان نے بھی بھرپور شرکت کی۔
24 اپریل 2026 کو ہونے والے اس اجلاس میں ایس سی او ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اور تنظیم کی عالمی سطح پر سرگرمیوں کو مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی سلامتی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ’اسلام آباد مذاکرات‘ کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے ایس سی او کو علاقائی امن، سلامتی اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنظیم کے اصولوں، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
پاکستانی سفیر نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، اور خطے میں جامع سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اجلاس کے موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روس، بیلاروس، تاجکستان، چین اور کرغزستان کے وفود کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں ایس سی او کے فریم ورک کے تحت باہمی تعاون سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی گئی۔