کچے کا علاقہ اب کچہ نہیں پکا ہوگا، کئی ڈاکوؤں نے خود ہتھیار ڈال دیئے: عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کچے کا علاقہ اب کچہ نہیں پکا ہوگا، کئی ڈاکوؤں نے خود ہتھیار ڈال دیئے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کچے کے علاقے بارے کہا جاتا تھا پولیس داخل نہیں ہوسکتی، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا، کچے کے علاقے میں اب سکون اور امن ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے، کچے کا علاقہ پہلے نوگو ایریا تھا، کچے میں کئی ڈاکوؤں نے خود ہتھیار ڈالے، کچے کے علاقے سے اب کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوتا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے کچے کے لیے ترقیاتی پلان کی منظوری دے دی، کچے کے علاقے میں ترقیاتی منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے کے لیے 23 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے، کچے کے علاقے میں نادرا کی موبائل ٹیموں کو بھجوا دیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقے میں سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا، کچے کے علاقے میں 300 طلبا کو ہونہار سکالرشپ دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں