معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل: ملک بھر میں جشن کا سماں، شاندار آتش بازی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہے، جبکہ مختلف شہروں میں پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

معرکہ حق قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ہے، معرکہ حق قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے، اس اہم معرکے کی کامیابی نے قومی اعتماد کو مضبوط کیا اور پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر اُجاگر کیا، اسی سلسلے میں ملک بھر میں شہری افواج پاکستان سے اظہار تشکر کر ہے ہیں۔

لاہور: معرکہ حق کی مناسبت سے پُرجوش سائیکل ریلی کا انعقاد
ملکی دفاع کی مضبوطی اور افواج پاکستان کی کامیابیوں کا جشن منانے کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن علی اعجاز کی زیر قیادت معرکہ حق کی مناسبت سے پرجوش سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

شہریوں کی کثیر تعداد نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں شرکت کی، سائیکل ریلی کے شرکاء نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔

حاصل پور: جشنِ فتح کی مناسبت سے میونسپل کمیٹی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ
آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے میونسپل کمیٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر حاصل پور حماد حامد، ڈی ایس پی نصر اللہ بخت اور سی او چودھری محمد ندیم تھے۔

تقریب کے دوران پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد میونسپل کمیٹی میں موجود تھی۔

ننکانہ صاحب: آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کی خوشی میں میوزیکل کنسرٹ
ننکانہ صاحب علامہ اقبال پارک میں جشن فتح کی رنگا رنگ تقریب میں شہریوں نے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، معرکہ حق کی فتح کی خوشی میں میوزیکل کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جشن فتح کی خوشی میں قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے کیک بھی کاٹا گیا۔

جشن فتح کی تقریب میں نوجوانوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، رنگ برنگی آتشبازی سے شہر کی فضائیں روشنیوں سے جگمگا اٹھیں، آتشبازی کے حسین مناظر کو شہریوں کی بڑی تعداد نے براہ راست دیکھا۔

خوشاب: معرکہ حق کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر جشن کی تقریب کا اہتمام
جشنِ معرکہ حق کی تقریب کا انعقاد کشمیر پارک جوہر آباد میں کیا گیا، تقریب میں ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں رنگا رنگ آتشبازی سے آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا، موسیقی کے خصوصی پروگرام نے شرکاء کا دل جیت لیا، تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور پاک فوج کے حق میں دُعا بھی کروائی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں