وزیر خزانہ کی ٹیکسٹائل سیکٹر نمائندوں سے ملاقات، ایکسپورٹ تجاویز پر مشاورت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ٹیکسٹائل سیکٹر نمائندوں سے اہم ملاقات ہوئی، بجٹ 27-2026 پر معاشی ٹیم اور ٹیکسٹائل صنعت میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ٹیکسٹائل سیکٹر نے ٹیکس اصلاحات، سستی توانائی،ایکسپورٹ سہولتوں کی تجاویز پیش کر دیں، صنعتکاروں نے پیداواری لاگت کم اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
ملاقات میں مؤثر ریفنڈ سسٹم، کم انرجی ٹیرف اور آسان کاروباری ماحول ناگزیر قرار دیا گیا، ٹیکسٹائل نمائندوں نے برآمدی پالیسیوں میں تسلسل اور استحکام پر زور دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سے مستقل مشاورت کیلئے ٹیکس پالیسی آفس فعال ہے، شوگر، سیمنٹ، بیوریجز اور تمباکو شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ پہلے ہی نافذ ہے۔
اس موقع پر ایف بی آر نے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ، ٹیکسٹائل سیکٹر کو تعاون کی دعوت دی، ٹیکسٹائل سیکٹر اور حکومت میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ فریم ورک پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نمائندگان کو یقین دہانی کرائی کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی تجاویز، بجٹ سازی میں زیر غور لائی جائیں گی۔