نکیال پولنگ میں کارکن کی ہلاکت، شیری رحمان کا فوری نوٹس کا مطالبہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے نکیال میں پولنگ کے دوران فائرنگ سے پارٹی کارکن مختار یونس کی ہلاکت اور دو کارکنوں کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ نکیال میں پولنگ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقے میں ن لیگ کے امیدوار سردار عمیر نعیم نے خوف و ہراس کی فضا قائم کر رکھی ہے اور گزشتہ 10 روز سے خونریزی کے واقعات کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہار کے خوف میں قیمتی انسانی جانیں ضائع کرنا ناقابلِ قبول ہے، الیکشن کمیشن فوری طور پر واقعے کا نوٹس لے کیونکہ تشدد اور دھونس کے ذریعے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ مختار یونس کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کو پرامن، شفاف اور غیر جانبدار بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جبکہ سیاسی اختلاف کو تشدد میں بدلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ شہید مختار یونس کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور زخمی کارکنوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...