پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتے ہی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں، جہاں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.47 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 14.52 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صرف 9 اشیاء سستی ہوئیں۔ مہنگی ہونے والی اشیاء میں کھانے پینے کی اشیاء اور سبزیاں نمایاں رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 22 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جبکہ گندم کے 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 5 فیصد مزید مہنگا ہوگیا۔ اسی دوران ڈیزل کی قیمت میں 3.76 فیصد اور پیٹرول میں 3.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیلے 1.93 فیصد جبکہ پیاز تقریباً 3 فیصد مہنگی ہوئی، تازہ دودھ، چینی، آلو اور دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
سالانہ بنیادوں پر گندم کا آٹا 57 فیصد سے زائد مہنگا ہوچکا ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 64 اور 61 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب چند اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی، جہاں چکن 6.34 فیصد اور انڈے 3.83 فیصد سستے ہوئے، جبکہ گزشتہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت میں بھی 1.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔