ماسکو اور گردونواح پر بڑے ڈرون حملے، 3 افراد ہلاک، 17 زخمی
ماسکو(شاہد گھمن ) روسی دارالحکومت ماسکو اور اس کے نواحی علاقوں پر یوکرین کی جانب سے کیے گئے بڑے ڈرون حملوں میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہو گئے ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ شب روسی فضائی دفاعی نظام نے ماسکو اور اس کے اطراف کی جانب آنے والے یوکرینی ڈرونز کے بڑے حملے کو ناکام بنایا۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ماسکو کی طرف آنے والے 120 سے زائد ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
حکام کے مطابق ماسکو شہر میں کم از کم 12 افراد زخمی ہوئے، جن میں ماسکو آئل ریفائنری کے داخلی حصے پر کام کرنے والے تعمیراتی کارکن بھی شامل ہیں۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کے باوجود آئل ریفائنری کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔
ڈرون حملوں کے نتیجے میں ماسکو میں تین رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ امدادی ٹیمیں اور ایمرجنسی سروسز مختلف مقامات پر کام کر رہی ہیں۔
ماسکو ریجن میں صورتحال زیادہ سنگین رہی، جہاں میتیشچی کے علاقے پوگوریلکی میں زیر تعمیر مکان پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
اسی علاقے میں ایک اور مکان کو بھی نقصان پہنچا تاہم وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیمکی کے علاقے میں ایک ڈرون نجی گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی جبکہ ایک شخص ملبے تلے دب گیا۔
پوتیلکوو کے ایک بلند و بالا رہائشی کمپلیکس میں بھی کئی اپارٹمنٹس کو نقصان پہنچا، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کے مطابق استرا شہر میں چار افراد زخمی ہوئے، جبکہ دیدووسک اور آگروگوروڈوک کے علاقوں میں رہائشی عمارتوں اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔
نارو-فومنسک ضلع میں ڈرون کے ملبے سے ایک نجی گھر میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم وہاں بھی کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
روسی حکام کے مطابق ماسکو ریجن میں متعدد انفراسٹرکچر تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایمرجنسی سروسز، پولیس اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔