چارسدہ: مکان کی چھت گرنے سے 3 کم عمر بچے جاں بحق، والدین زخمی
پشاور: (دنیا نیوز) چارسدہ کے علاقے پڑانگ ماجوکی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں بوسیدہ مکان کی چھت اچانک گرنے سے تین کم عمر بچے جاں بحق جبکہ ان کے والدین زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 3 سے 12 سال کے درمیان تھیں، حادثے کے وقت بچے گھر کے اندر موجود تھے کہ اچانک چھت زمین بوس ہوگئی اور وہ ملبے تلے دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والے والدین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔