اسلام آباد: مارکیٹس اور مالز رات 8 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں آج سے مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، میڈیکل سٹورز اور ہسپتال پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، اسلام آباد میں نئی پابندیاں یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہوں گی، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ اور ڈیری شاپس پر نئے اوقات کار کی پابندی لاگو نہیں ہوگی، جمز اور پیڈل کورٹس سمیت سپورٹس سہولیات مستثنیٰ قرار دی گئیں، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔

جاری نوٹیفکیشن کے تحت ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے بند ہوں گے، کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری شاپس کیلئے بھی رات 10 بجے بندش کا وقت مقرر کر دیا گیا، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروس پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ شادی ہالز اور مارکیز رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، نجی مقامات پر ہونے والی تقریبات پر بھی رات 10 بجے کی پابندی لاگو ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں