190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے

راولپنڈی: (دنیا نیوز) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیل کے لیے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے۔

وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری 4 گھنٹے انتظار کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس لوٹ گئے۔

خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے وکالت نامے 25 مئی کو جیل حکام کو موصول ہو چکے تھے، جیل انتظامیہ کی جانب سے مجھے عید کے بعد آنے کا کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وکالت ناموں پر دستخط نہ کروا کر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے انصاف تک رسائی کے حق میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔

خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا مقصود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا عدالتوں تک رسائی کا بنیادی حق سلب کیا جا رہا ہے، 25 مئی کو ایک وکالت نامہ میڈیکل پٹیشن سے متعلق مجھے دیا گیا تھا۔

خالد یوسف چوہدری نے کہا ک 190 ملین پاؤنڈ کیس کے وکالت ناموں پر تاحال دستخط نہیں کروائے جا رہے، وکالت نامے میں تاخیر سے اپیل کے آئینی و قانونی حق پر اثر پڑ رہا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں