صومالی ریفری عمر آرتان کو یوئیفا سپر کپ میں اہم ذمہ داری مل گئی

موغادیشو: (ویب ڈیسک) صومالیہ سے تعلق رکھنے والے فٹبال ریفری عمر آرتان کو یوئیفا سپر کپ 2026 کے لیے میچ آفیشل مقرر کر دیا گیا ہے۔

یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی نے جمعرات کو باضابطہ طور پر ان کی تقرری کا اعلان کردیا۔

34 سالہ عمر آرتان کو اس سال امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں ریفری کی ذمہ داریاں انجام دینی تھیں، تاہم انہیں امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا تھا، وہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد واپس بھیج دیے گئے تھے۔

جس کے بعد انہیں ورلڈ کپ کے ریفریز پینل سے دستبردار کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں وہ ترکی کے شہر استنبول سے واپس صومالیہ پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں ایک قومی ہیرو کے طور پر دیکھا گیا۔

فیفا ورلڈ کپ میں ذمہ داری سے محروم ہونے کے بعد عمر آرتان کو یوئیفا نے اب ایک بڑا موقع دیتے ہوئے سپر کپ میچ کے لیے مقرر کیا ہے، جو چیمپئنز لیگ فاتح پیرس سینٹ جرمین اور یوروپا لیگ چیمپئن آسٹن ولا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یہ میچ 12 اگست کو آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں ہوگا ۔

یوئیفا کی جانب سے جاری بیان میں عمر آرتان کو “دنیا کے بہترین ریفریز میں سے ایک” قرار دیا گیا، اور اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ وہ ورلڈ کپ میں اس وجہ سے حصہ نہیں لے سکے کہ انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں ملی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں