میرپور خاص: سنار کی دکان پر ڈکیتی، پولیس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار
میر پور خاص: (دنیا نیوز) پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں سنار کی دکان پر ڈکیتی اور پولیس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی نعیم احمد نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے دو اہم مقدمات کو پولیس نے کامیابی سے ٹریس کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ بڑی مقدار میں مسروقہ مال بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ ٹاؤن کی حدود میں واقع اویناش نامی شخص کی سنار کی دکان پر ہونے والی ڈکیتی کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کی نشاندہی پر سونا، چاندی اور دیگر مسروقہ سامان کی بڑی مقدار برآمد کر لی گئی، کیس کو مکمل طور پر ٹریس کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی ایس پی کے مطابق دوسرا اہم مقدمہ پولیس کانسٹیبل خالد مری کے قتل کا تھا واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ، سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کیں، کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں مرکزی ملزم علی بھی شامل ہے جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈی ایس پی سٹی نے کہا کہ سنار کی دکان پر ڈکیتی کے محرکات اور ممکنہ سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، گرفتار ملزمان مقامی ہیں۔
اس موقع پر صرافہ بازار کے صدر محمد حنیف نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈکیتی کے واقعے کے بعد آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص، ڈی ایس پی سٹی، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے دن رات محنت کرکے کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بڑی مقدار میں مسروقہ مال برآمد ہوا جس پر تاجر برادری پولیس کی شکر گزار ہے۔
جنرل سیکرٹری نے بھی پولیس کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کی تاریخ میں یہ پہلی بڑی ڈکیتی ہے جس میں مختصر وقت کے اندر ملزمان گرفتار ہوئے اور مسروقہ مال کا بڑا حصہ برآمد کر لیا گیا۔