مقبوضہ مغربی کنارے، غزہ کی پٹی میں حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دونوں علاقوں میں حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ضروری ادویات کا ایک تہائی ذخیرہ ختم ہو چکا ہے، رواں سال اب تک 11 ہزار سے زائد سرجریز ملتوی کی جا چکی ہیں جس سے صحت کے شعبے پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی عکاسی ہوتی ہے۔

سال 2026ء کے آغاز سے اب تک اسرائیلی آبادکاروں کے ایک ہزار سے زائد حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں جانی نقصان اور املاک کو نقصان پہنچا، یہ حملے مغربی کنارے کی 230 سے زائد فلسطینی آبادیوں کو متاثر کر چکے ہیں، اس تشدد کے باعث 2,200 سے زائد فلسطینی اپنے گھروں سے بے دخل ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔

غزہ میں 70 فیصد سے زائد فلسطینی پینے اور استعمال کے پانی کیلئے ٹرکوں کے ذریعے پہنچائے جانے والے پانی پر انحصار کرتے ہیں، فنڈز کی کمی کے باعث پانی کی یہ فراہمی شدید خطرات سے دوچار ہے، جس سے غزہ میں پہلے سے موجود انسانی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی امداد اور بنیادی خدمات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید بگڑتی ہوئی صورتحال کو روکا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں