شہباز شریف سے قطری ہم منصب کا رابطہ، امن کوششوں کو سراہا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ریاستِ قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور برادر عوامِ قطر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ قطری وزیراعظم نے بھی جوابی طور پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے خلیجی بحران کے دوران امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ فریقین کے درمیان امن معاہدہ جلد دستخط کے لیے تیار ہو جائے گا۔

قطری وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی اور امن کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے یقین دلایا کہ قطر پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور امید ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں خطے میں پائیدار امن و استحکام قائم ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا، جس پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں