امریکا ایران امن معاہدہ: ٹرمپ نے شہباز شریف کا بیان ٹروتھ سوشل پر شیئر کر دیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اور ایران کے ممکنہ امن معاہدے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کا بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کر دیا، جس کے بعد معاملہ عالمی سطح پر مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا اور ایران پہلے سے کہیں زیادہ امن معاہدے کے قریب ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں اس معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاہدے کی تکمیل کے فوراً بعد اس پر الیکٹرانک دستخط کے لیے تیاریاں کر رہا ہے جبکہ اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی متوقع ہیں۔ انہوں نے مذاکراتی عمل میں تعاون پر امریکا اور ایران کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے خطے کے برادر ممالک کی حمایت پر بھی دلی قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی پیشرفت دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہو سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم کے بیان کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شیئر کیا، جس سے اس سفارتی پیش رفت کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کے بیان کو بھی عالمی سطح پر توجہ حاصل ہوئی ہے۔
پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق اس عمل میں پاکستان نے بھی فعال کردار ادا کیا ہے، جس کا مختلف فریقین کی جانب سے اعتراف کیا جا رہا ہے۔