بیروت پر اسرائیلی حملے میں 3 شہری شہید، ایران کا سخت ردعمل، جوابی کارروائی کی وارننگ

بیروت: (دنیا نیوز) لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں دارالحکومت بیروت میں 3 لبنانی شہری شہید جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔

لبنانی حکام کے مطابق اتوار کے روز اسرائیل کی جانب سے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں حملے کیے گئے جس میں کم از کم تین افراد میں جاں بحق ہوگئے۔

لبنان کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ضاحیہ کے علاقے میں کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے ضاحیہ میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب ایرانی فوجی کمانڈر سردار اسدی نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اعلان کیا ہے۔

سردار اسدی نے اپنے بیان میں کہا کہ بیروت پر اسرائیلی حملے ہرگز بلاجواب نہیں رہیں گے اور اسرائیلی جرائم کا مناسب وقت پر مؤثر جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی شک کے بغیر اسرائیل کی یہ کارروائیاں جواب کے بغیر نہیں رہیں گی اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

ایرانی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی کارروائیوں کے بعد خطے میں ردعمل کا امکان برقرار ہے، جبکہ ایران اور اس کے اتحادی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے اسرائیل کی جانب سے تازہ ترین حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ ختم ہونے کے معاہدے پر دستخط ہونے جا رہے ہیں۔

ایران کی جانب سے معاہدے کی شرائط میں لبنان پر اسرائیل کی جانب سے حملوں کو ختم کرنا بھی شامل ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں