برطانیہ: کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان
لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیراعظم نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ درست ہے، بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے لیے ریگولیٹری ادارہ موجود ہے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے کہا کہ بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی پر عمل درآمد کیلئے اقدامات کریں گے، ہم تیار ہیں اور پُراعتماد ہیں کہ یہ پابندی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، گیمنگ سروسز اور لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے حوالے قوانین سخت کررہے ہیں۔
وزیراعظم کیر سٹارمر کی حکومت نے اس سلسلے میں پچھلے ماہ مشاورت کا آغاز کیا تھا تاکہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اور سوشل میڈیا سے متعلق آلات کے استعمال کو محدود کیا جا سکے اور بچوں کی توجہ موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی سکرینوں سے ہٹا کر واپس تعلیم اور ان کی صحت کی طرف مبذول کرائی جائے۔
خیال رہے دنیا بھر میں سوشل میڈیا کے اندھے استعمال کے خلاف کافی ردعمل سامنے آرہا ہے کیونکہ اس سے نئی نسل کے صحت و تعلیم پر منفی اثرات تیزی سے پیدا ہو رہے ہیں جبکہ سماجی سطح پر بھی بعدازاں مسائل کا سامنا بڑھ سکتا ہے۔