جنوبی پنجاب کارڈ کھیل کر سیاست چمکانے کی کوشش نہ کی جائے، عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی موسیٰ گیلانی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کارڈ کھیل کر سیاست چمکانے کی کوشش نہ کی جائے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یا تو وہ حقائق سے لاعلم ہیں یا پھر جان بوجھ کر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں، لاہور اور اسلام آباد سے نکل کر تعصب کی عینک اتار کر جنوبی پنجاب کا دورہ کیا جائے تاکہ وہاں ہونے والی ترقی واضح طور پر نظر آ سکے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ہر ترقیاتی منصوبے میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نظر میں کوئی جنوبی پنجاب اور سینٹرل پنجاب نہیں صرف ایک پنجاب ہے، سب سے پہلے الیکٹرک بسیں جنوبی پنجاب میں آئی ہیں، جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے 10 اضلاع میں الیکٹرک بسیں کامیابی سے چل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد تمام تحصیلوں میں بھی الیکٹرک بسیں چلتی نظر آئیں گی، جبکہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت زیر تعمیر دو لاکھ گھروں میں اکثریت جنوبی پنجاب میں تعمیر ہو رہی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں کھیل کے نئے میدان بن رہے ہیں اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا سلسلہ جاری ہے، گرین ٹریکٹر، کسان کارڈ اور سپر سیڈر سب سے زیادہ جنوبی پنجاب کے کسانوں کو دیے گئے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کچے کے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے لیے 10 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے علی موسیٰ گیلانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بار اپنی ڈوبتی سیاست بچانے کے لیے جنوبی پنجاب کا جھوٹا کارڈ نہ کھیلیں، جب مخالفین کے پاس سیاست کرنے کے لیے کوئی اور مؤثر بیانیہ نہیں بچتا تو وہ جنوبی پنجاب کا معاملہ اٹھانا شروع کر دیتے ہیں، تاہم ایسی سیاسی بلیک میلنگ کامیاب نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں