ٹھٹھہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید
ٹھٹھہ:(دنیا نیوز) اندرون سندھ کے علاقے ٹھٹھہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گھارو کے قریب بروسر کالونی روڈ پر بابڑا موری کے نزدیک نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ڈیوٹی پر تعینات دونوں پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
دوسری جانب واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعہ کی اطلاعات ملنے پر پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
اِس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کی موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کردی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ملزمان اہلکاروں کو شہید کرنے کے بعد ان کے سرکاری ہتھیار بھی ساتھ لے گئے، دو شہید اہلکاروں کی لاشیں رورل ہیلتھ سینٹر گھارو منتقل کردی گئیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دونوں اہلکار حال ہی میں تبادلے کے بعد گھارو تھانے میں تعینات ہوئے تھے اور شام کی معمول کی پکٹ ڈیوٹی پر مامور تھے۔