امریکی صدر قرارداد کی منظوری پر برہم، سینیٹ نے مجھے روک کر دشمن کی مدد کی: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق امریکی سینیٹ کے وار پاورز ایکٹ ووٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ووٹنگ کو بے معنی قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے ایران کو مکمل دباؤ میں لے رکھا ہے، وہ شکست کے دہانے پر کھڑا ہے، ایران ہمیں عملی طور پر ہر وہ چیز دینے پر آمادہ ہے جو ہم چاہتے ہیں، کئی دہائیوں میں پہلی بار ایران امریکا اور اس کے صدر کو بھرپور احترام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹ نے ایک بے وقت اور بے معنی وار پاورز ایکٹ ووٹ کرایا، سینیٹ نے ایران کو یہ پیغام دیا کہ امریکا میری کارروائیوں کو پسند نہیں کرتا، سینیٹ نے مجھے روک کر دشمن کی مدد اور حوصلہ افزائی کی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 4 ریپبلکن سینیٹرز اور ناکام سیاست دانوں نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا، ان سینیٹرز نے میرا کام مزید مشکل بنا دیا ہے، میں اپنا کام ہر ممکن طریقے سے مکمل کر کے رہوں گا، میں ہمیشہ اپنے مقاصد حاصل کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرار داد واضح اکثریت سے منظور کر لی۔

امریکی سینیٹ نے 48 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے سے متعلق مشترکہ قرارداد کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق قرار داد اس ماہ کے آغاز میں ایوان نمائندگان سے بھی منظور ہوچکی ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز کو اکثریت حاصل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں