واقعۂ کربلا ہمیں حق کا ساتھ دینے کا درس دیتا ہے: مشعل خان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان مشعل خان نے واقعۂ کربلا کے حوالے سے ایک جذباتی اور فکر انگیز تحریر شیئر کی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر واقعۂ کربلا کے حوالے سے ویڈیو شیئر کی ہے۔

اپنی ویڈیو میں مشعل خان نے کہا کہ میں نے محرم کے حوالے سے کچھ تحریر کیا ہے، کیونکہ بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ ہم کربلا پر کیوں روتے ہیں، لیکن میرا بھی ایک سوال ہے کیا آپ واقعی جانتے ہیں کہ امام حسینؓ کون تھے؟ کیا آپ نے کبھی حقیقی معنوں میں ان کی شخصیت کو سمجھنے کی کوشش کی؟ وہ امام جنہوں نے اپنا گھر، اپنے ساتھی، اپنے بھائی، بھتیجے، بیٹے، حتیٰ کہ اپنے چھ ماہ کے شیر خوار بچے تک اللّٰہ کی راہ میں قربان کر دیے، مگر اپنے ضمیر اور حق کے راستے پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ذرا بتائیے، کیا آپ ان ناموں کو جانتے ہیں؟ مولا عباسؓ، حضرت قاسمؓ، حضرت عونؓ، حضرت محمدؓ، حضرت علی اصغرؓ، بی بی سکینہؓ، بی بی زینبؓ، حضرت حرؓ۔ اگر یہ سب آپ کے لیے محض نام ہیں، تو پھر آپ نے کربلا کو ابھی تک نہیں جانا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولا عباسؓ وہ علمبردار تھے جن کا پرچم اس وقت تک سرنگوں نہ ہوا جب تک ان کے دونوں بازو قلم نہ کر دیے گئے اور ان کے آخری الفاظ تھے اے حسینؓ، میرے بھائی، میرے امام۔ حضرت علی اکبرؓ کی قربانی کا تصور کیجیے، وہ بیٹا جس کا چہرہ اپنے نانا حضرت محمد ﷺ سے سب سے زیادہ مشابہ تھا اور پھر ایک باپ کو اپنے اسی جوان بیٹے کا جسدِ خاکی اٹھانا پڑا۔

حضرت علی اصغر صرف 6 ماہ کے معصوم شیر خوار تھے، جنہیں نہ تلوار چلانا آتی تھی اور نہ جنگ کا مفہوم معلوم تھا۔ ان کے حصے میں صرف پیاس آئی اور اس کا جواب ایک تیر کی صورت میں دیا گیا۔

مشعل خان نے اپنی تحریر کے اختتام پر کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں حق کا ساتھ دینے کا درس دیتا ہے۔ جب تک حق و باطل کی کشمکش باقی ہے، جب تک مظلوم اور ظالم کے درمیان فرق موجود ہے اور جب تک انسانیت زندہ ہے، کربلا صرف تاریخ کا ایک باب نہیں رہے گی بلکہ ہر اُس دل میں زندہ رہے گی جو امام حسینؓ سے محبت رکھتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں