ارجنٹائن نے بچوں کا خرچہ نہ دینے والے 13ہزار افراد کو فیفا ورلڈ کپ دیکھنے سے روک دیا
بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) ایک بے مثال اقدام کے تحت ارجنٹائن کی حکومت نے امریکی حکام کو سٹیڈیمز میں داخلے سے ممنوعہ 35 ہزار افراد کی ایک فہرست حوالے کی ہے جن میں اپنے بچوں کا نفقہ ادا نہ کرنے والے 13 ہزار باپ شامل ہیں۔
اس اقدام کا مقصد انہیں ارجنٹائن کی ٹیم کے ان میچوں میں شرکت سے روکنا ہے جو وہ امریکی سرزمیں پر کھیلے گی۔
ارجنٹائن کی قومی سلامتی کی وزیر الیخاندرا مونٹیولیوا نے امریکہ میں ہونے والے میچوں کی تیاری کے سلسلے میں یہ ڈیٹا بیس امریکی محکمہ داخلہ کی سکیورٹی، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور کئی بین الاقوامی سکیورٹی اداروں کو بھیجا ہے۔
مونٹیولیوا نے کہا کہ اپنے بچوں کا نفقہ ادا نہ کرنے والوں کو اب سٹیڈیمز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر آپ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتے تو آپ سٹیڈیمز میں داخل نہیں ہوں گے۔
یہ فہرست محفوظ اسٹینڈز کے ڈیٹا بیس پر مبنی ہے جسے بونس آئرس شہر نے 2016 میں شروع کیا تھا، پھر یہ 2018 میں ایک قومی پروگرام میں تبدیل ہو گیا اور یہ نظام سٹیڈیم کے داخلی راستوں پر قومی شناختی کارڈز کو سکین کرنے پر انحصار کرتا ہے تاکہ انصاف کے لیے مطلوبہ یا فٹ بال میچوں میں شرکت سے ممنوعہ افراد کا پتہ لگایا جا سکے۔
ارجنٹائن کے حکام نے نفقہ ادا نہ کرنے والے ہزاروں باپوں کو ڈیٹا بیس میں شامل کیا، اس کے بعد فہرست باضابطہ طور پر امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ارسال کی گئی، ارجنٹائن میں اس نظام کو بڑے پیمانے پر اپنانے کے باوجود امریکہ میں ابھی تک ایسا کوئی مماثل پروگرام موجود نہیں ہے۔
دوسری جانب نیویارک پولیس کے سابق تفتیش کار اور جان جے کالج آف کرمنل جسٹس میں اسسٹنٹ پروفیسر مائیکل الکازار نے اس طریقہ کار کو ایک قیمتی ٹول قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ کھیلوں کے ایونٹس مطلوبہ افراد کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کا ایک مناسب موقع فراہم کرتے ہیں جب تک کہ یہ اقدامات عدالتی نظام کے مطابق ہوں۔
ارجنٹائن کے حکام کے مطابق ٹریبونا سیگورا ڈیٹا بیس نے سال 2023 اور 2025 کے درمیان کی مدت کے دوران 1300 سے زائد فٹ بال میچوں کے ذریعے ان 1100 سے زائد افراد کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کی جن کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری تھے۔