ایم باپے کا میگا ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں دوسرا نمبر

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دُنیائے فٹبال کے اسٹار کھلاڑی فرانس کے ایم باپے سوئیڈن کے خلاف دو گول سکور کرکے میگا ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، اُن کے گولز کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

ایم باپے کے دو گول اُنہیں مزید ریکارڈ کے مالک بنا گئے، اب وہ فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر گول کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

اُنہوں نے جرمنی کے سابق فٹ بالر میروو سلاو کلوزے کے 16 گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، 18 گولز کے ساتھ وہ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی سے صرف ایک گول پیچھے رہ گئے ہیں، میسی کے مجموعی گولوں کی تعداد 19 ہے۔

اس کے علاوہ وہ جاری ورلڈ کپ میں چھ گول اسکور کرچکے ہیں، یعنی وہ اس ورلڈ کپ میں چھ گول کرنے والے میسی کے برابر آگئے ہیں اور گولڈن بوٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں۔

ایم باپے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، ناک آؤٹ راؤنڈ میں ان کے گول کرنے کی تعداد دس ہوگئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں