وزیراعظم کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہبود کے منصوبوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کی بہبود کے منصوبوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا اور مینجنگ ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی نے ملاقات کی، ملاقات میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے فاؤنڈیشن کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بہبود اور انہیں مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے آئندہ اقدامات کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت کی کمائی پاکستان بھیج کر زرمبادلہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے او پی ایف کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بہبود کیلئے جاری منصوبوں اور اقدامات میں مزید تیزی لانے کے احکامات بھی جاری کئے۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور ایم ڈی او پی ایف نے عالمی امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔