ملک چند خاندانوں کا نہیں عوام کا، نظام کی تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں : حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ یہ ملک چند خاندانوں کا نہیں عوام کا ہے اور جماعت اسلامی ملک میں نظام کی حقیقی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

وفاقی دارلحکومت میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت "بنو قابل" گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا تمام گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ لاکھوں نوجوان مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ملک کے پاس ایک عظیم انسانی سرمایہ موجود ہے اس لیے پاکستان کے پیچھے رہ جانے کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق ہر بچے کو مفت اور یکساں معیار کی تعلیم ملنی چاہیے، لیکن پنجاب سمیت ملک بھر میں لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں جب کہ سرکاری تعلیمی نظام کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ غریب اور امیر کے لیے الگ الگ تعلیمی نظام قابل قبول نہیں، پاکستان کے مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا جب کہ نوجوان ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو رہی، حالانکہ اگر حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرے تو وہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور قرضوں کے بوجھ میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اُن کا دعویٰ تھا کہ "بنو قابل" پروگرام کے تحت 16 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور لاکھوں گریجویٹ بھی ہو چکے ہیں جب کہ جماعت اسلامی مستقبل میں ایک یونیورسٹی بھی قائم کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی  نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر ڈالا جا رہا ہے اور بعض شعبوں کو اربوں روپے کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا  کہ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ملک بھر میں سب کے لیے یکساں معیار کی مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مایوس نہ ہوں، اپنے ملک پر فخر کریں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں