ڈزنی لینڈ: 70 سال میں ایک ارب مہمانوں کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کے معروف تھیم پارک ڈزنی لینڈ نے اپنے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک اہم تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایک اربویں مہمان کا خیرمقدم کیا۔

ڈزنی پارکس بلاگ کے مطابق یہ اعزاز ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والے 8 سالہ آندریس روبلز اور ان کے والدین، الیخاندرا اور ہوزے روبلز کو حاصل ہوا، جو تفریح کی غرض سے ڈزنی لینڈ آئے تھے۔

1955 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ایناہائم میں قائم ہونے والا ڈزنی لینڈ دنیا کے معروف ترین تھیم پارکس میں شمار ہوتا ہے، اسے جدید تھیم پارک انڈسٹری کی بنیاد رکھنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اس تاریخی موقع پر روبلز خاندان کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایک یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی گئی، تختی پر ڈزنی لینڈ آنے والے مہمانوں کی مجموعی تعداد ایک ارب درج کی گئی۔

تقریب میں ڈزنی کے مقبول کردار مکی ماؤس، منی ماؤس، ڈونلڈ ڈک اور ڈیزی ڈک بھی شریک ہوئے اور روبلز خاندان کے ساتھ اس یادگار لمحے کا جشن منایا۔

ڈزنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپنی 71ویں سالگرہ سے قبل ایک ارب مہمانوں کا سنگِ میل عبور کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ والٹ ڈزنی کا خواب آج بھی دنیا بھر کے لاکھوں افراد کے لیے خوشی، تفریح اور یادگار تجربات کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں