اٹلی: طالب علموں نے دنیا کا سب سے بڑا کاغذی جہاز تیار کرلیا
روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کی پیسا یونیورسٹی کے انجینئرنگ کے طالب علموں نے دنیا کا سب سے بڑا کاغذی جہاز تیار کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا۔
رپورٹ کے مطابق طالب علموں کی تیار کردہ اس منفرد تخلیق کے پروں کی لمبائی 20.04 میٹر جبکہ مجموعی لمبائی 7 میٹر ہے، اس دیوقامت کاغذی جہاز کو بولونیا میں منعقدہ وی میک فیوچر فیئر میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔
پراجیکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ اس منفرد خیال کی ابتدا کلاس روم میں چھوٹے کاغذی جہاز بنانے کے دوران مذاق کے طور پر ہوئی، تاہم بعد ازاں طلبہ نے اسے ایک باقاعدہ انجینئرنگ اور تحقیقی منصوبے کی شکل دے دی۔
اس منصوبے میں 15 طالب علموں نے حصہ لیا اور ایروناٹیکل انجینئرنگ کے اصولوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جہاز تیار کیا، ریکارڈ قائم کرنے کے لیے اسے اڑایا گیا تو یہ 59 میٹر تک پرواز کرنے میں کامیاب رہا، جس کے ساتھ 2013 میں قائم ہونے والا سابقہ عالمی ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
طالب علموں نے جہاز کی تیاری میں تقریباً 300 کلوگرام کاغذ اور 60 کلوگرام گوند استعمال کی، کاغذ کو شہد کی مکھیوں کے چھتے جیسی ساخت میں جوڑا گیا تاکہ جہاز مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ نسبتاً ہلکا بھی رہے۔
ٹیم کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل میں کئی ماہ لگے اور ایک معمولی مذاق سے شروع ہونے والا یہ خیال بالآخر ایک کامیاب تحقیقی منصوبے اور عالمی ریکارڈ میں تبدیل ہو گیا۔