نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی۔

اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ جدید بولنگ مشین کھلاڑیوں کو میچ جیسی پریکٹس فراہم کرے گی، مشین کے ذریعے بیٹرز جدید انداز میں اپنی تیاری کر سکیں گے۔

جدید مشین کی فرنٹ سکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے، جس سے بیٹرز کو باؤلر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق مشین میں لائن، لینتھ، سپیڈ، سوئنگ اور ہائٹ کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے، کوچز اور کھلاڑی انفرادی گیندیں، اوورز اور سپیلز بھی محفوظ کر سکتے ہیں، محفوظ کیے گئے اوورز اور سپیلز کو میچ جیسی صورتِ حال بنانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا ہے کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ یہ مشین استعمال کرنے والا پہلا کرکٹ بورڈ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ روایتی بولنگ مشینز میں بیٹرز کیلئے ریلیز پوائنٹ کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے، اس مشین سے بیٹر باؤلر کی ویڈیو دیکھ کر اپنی تیاری بہتر کر سکتا ہے، یہ مشین کھلاڑی کو میچ کی صورتحال کے قریب تر تیاری میں مدد دیتی ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے بتایا ہے کہ یہ مشین ہمیں جدید کرکٹ کے چیلنجز کیلئے تیار کرنے میں مدد دیتی ہے، اس سے گیند ایکشن کے ساتھ آتی ہے، اس لئے ٹائمنگ میچ جیسی رکھنی پڑتی ہے، یہ ٹیکنالوجی بیٹرز کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں