شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے ایل ایل بی کے متعدد طلبہ کی ڈگریاں اور امتحانی نتائج منسوخ

کراچی:(دنیا نیوز) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور نے ایل ایل بی کے متعدد طلبہ کی ڈگریاں اور امتحانی نتائج منسوخ کر دیے۔

 اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ڈگریاں اور نتائج مقررہ ضابطہ کار مکمل کیے بغیر جاری کیے گئے تھے جس کے باعث انہیں کالعدم قرار دیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ کارروائی یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے فیصلے اور انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔

فیصلے کے تحت ایل ایل بی پانچ سالہ پروگرام (بیچ 2017) اور ایل ایل بی تین سالہ پروگرام (بیچ 2014 تا 2018) کے متعدد طلبہ کی ڈگریاں اور نتائج منسوخ کیے گئے ہیں۔

منسوخ کی جانے والی ڈگریوں اور نتائج میں سکھر، جیکب آباد، کشمور، کندھ کوٹ، گھوٹکی، لاڑکانہ، پنو عاقل، کندھیارو، نوشہرو فیروز اور دیگر شہروں کے مختلف لا کالجز کے طلبہ شامل ہیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی شفافیت برقرار رکھنے اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں